کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے گزری میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گزری میں نامعلوم کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے اسحاق نامی شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق وزخمی کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ سے ہے، لاش اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔مقتول اسحاق کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ایم ایل او ڈاکٹر کے مطابق مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر تیرہ گولیاں ماری گئیں، سر اور چہرے پر لگنے والی گولیاں وجہ موت بنیں۔آئی جی سندھ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کردیں۔پولیس کے مطابق واردات میں 3 سے 4 اقسام کا اسلحہ استعمال کیا گیا، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ مقتول کی تدفین قلع عبداللہ میں ہوگی۔یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی کے علاقے لانڈھی میں شادی کی تقریب میں پولیس اہلکار کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا جاں بحق اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں