مہنگے ترین آم کی رکھوالی کے لیے 9 کتے اور گارڈز تعینات

مدھیا پردیش: بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر جبلپور میں ایک جوڑی نے دنیا کے مہنگے ترین آم کی رکھوالی کے لیے 9 کتے اور تین سیکیورٹی گارڈز تعینات کردئیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ’میازیکی مینگو‘ نامی آم کی قسم کا شمار دنیا کے مہنگے ترین آموں میں ہوتا ہے، آم کے باغات میں 150 سے زائد اقسام کے آموں کے درخت لگائے گئے جن میں سے صرف چار اقسام کے درخت پھل دے رہے ہیں۔

سنلکپ پریہار نامی کسان کے مطابق چار سال قبل ہم چنئی میں کھوپرے کی نایاب قسم کی تلاش میں نکلے تھے اس دوران ہمارے ایک ساتھی نے نایاب قسم کے آم سے متعلق بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ہم اس آم سے متعلق زیادہ نہیں جانتے تھے تاہم جب ہم نے اس کا درخت اگایا تو اندازہ ہوا کہ یہ واقعی بہت نایاب ہے۔

رپورٹ کے مطابق پریہار نے آم چوری ہونے کے ڈر سے اپنے باغات کی سیکیورٹی بڑھا دی۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ہمارے آم کے باغات میں سے کافی پھل چوری ہوئے تھے۔ اس لیے ہم نے اس کی سیکیورٹی کے لیے تین لوکل اور چھ جرمن شیفرڈ کتے رکھ لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاحال ہم نے آموں کی فروخت شروع نہیں کی تاہم ایک خریدار نے ہمیں ایک آم کے 21 ہزار روپے دینے کی آفر کی ہے لیکن ابھی اسے فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں