’معلوم نہیں نصیر الدین شاہ سے نہ ملتا تو آج کہاں ہوتا؟‘

بھارتی اداکار  رندیپ ہودا نے سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ کو ان کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انسٹاگرام کی ایک پوسٹ میں اداکار نے نصیرالدین کے ہمراہ ایک فلم کے دوران لی گئی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں اگر وہ نصیرالدین شاہ سے نہیں ملتے تو اس وقت کہاں ہوتے۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ نصیرالدین شاہ نے کئی اداکاروں کو بڑے خواب دیکھنے کی تاکید کی ہے اور وہ نصیرالدین کی مستقبل میں مزید سالگرہ دیکھنے کیلئے دعا گو بھی ہیں۔

اس کے علاوہ رندیپ ہودا فی الحال اپنی پہلی ویب سیریز کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں انہیں پولیس انسپکٹر کا کردار ادا کرتے ہوئے ایکشن میں دیکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں اداکارنصیرالدین شاہ کو نمونیہ کی تشخیص ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا وہ جہاں طبی نگرانی میں رہنے کے بعد 7 جولائی کو ڈسچارج ہوکر واپس گھر چلے گئے تھے۔

اداکار رندیپ ہودا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2001 میں ’مون سون ویڈنگ‘ نامی فلم سے کیا تھا جس میں سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ نے بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں