انسٹاگرام پر میسی کی کس تصویر نے ریکارڈ قائم کیا؟

ارجنٹائن اور  بارسلونا فٹبال کلب کے معروف کھلاڑی لیونل میسی کی تصویر سوشل میڈیا پر  دنیا کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویر بن گئی۔

انسٹاگرام پر میسی کے ذاتی اکاؤنٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں ارجنٹائن کے کھلاڑی کو کچھ روز قبل جیتے گئے کوپا امریکا ٹورنامنٹ کی ٹرافی تھامے دیکھا جا سکتا ہے ۔ اس تصویر کو اب تک  دو کروڑ 10 لاکھ لوگوں نے لائک کیا ہے۔

اس تصویر سے قبل سوشل میڈیا پر کھیل کی دنیا میں سب سے زیادہ لائیکس حاصل کرنے والی تصویر  پرتگال کے نامور فٹبالر کرسٹیانو  رونالڈو کی تھی جو انہوں نے عظیم فٹبالر ڈیاگو میرا ڈونا کے انتقال پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوسٹ کی تھی۔

اس تصویر کو  اب تک ایک کروڑ 98 لاکھ لائیکس مل چکے ہیں تاہم اب میسی نے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

خیال رہے کہ لیونل میسی کا شمار دنیا کے بہترین فٹ بالر میں ہوتا ہے جنہوں نے اس کھیل کی تاریخ میں کئی اعزازات اپنے نام کیے ہیں اور حال ہی میں ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے فائنل میں برازیل کو شکست دے کر ’کوپا امریکا‘  کپ اپنے نام کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں