بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، راجہ اظہر

کراچی: تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان نے کہا کہ بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، عمران خان کے جانثار ہیں، اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی بنی گالا کو گھیرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے راجہ اظہر خان نے کہا کہ عمران خان کے جانثار ہیں،اسلام آباد میں موجود رہیں گے، بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں۔تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی قیادت میں کراٹے ٹیم کینٹ اسٹیشن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی۔یاد رہے دو روز قبل جے یو آئی کے آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شرکت کی تھی اور خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کے دوران فضل الرحمان نے اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت دو روز میں استعفیٰ دے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، یہ مجمع قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر سے گرفتار کرلے، ادارے 2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پر نہیں کھڑے۔واضح رہے کہ وزیراعظم کی گرفتاری کی بات بغاوت قرار دے کر حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر قانون دان بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے اس سلسلے میں مشاورت کی ہے، قانونی ماہرین نے بھی وزیر اعظم کی گرفتاری سے متعلق بیان کو جرم قرار دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں